پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ آئی ایل ٹی 20 سے اچانک باہر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ گھٹنے کی انجری کے باعث انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) 2026 سے باہر ہوگئے۔ ان کی ٹیم ڈیزرٹ وائپرز نے تاحال متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا۔
نسیم شاہ کو ایونٹ کے دوسرے میچ میں شارجہ واریئرز کے خلاف بولنگ کے دوران بائیں گھٹنے میں انجری ہوئی تھی۔ وہ پال والٹر کو یارکر پر آؤٹ کرنے کے بعد فالو تھرو کے دوران اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زمین پر گر پڑے، جس کے بعد انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔
نسیم شاہ نے اس میچ میں 2.5 اوورز میں 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی تاہم انجری کے باعث وہ مزید کھیل جاری نہ رکھ سکے۔
ڈیزرٹ وائپرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ٹام موڈی نے نسیم شاہ کی انجری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ان کی خدمات سے محروم ہونے پر انتہائی افسردہ ہے کیوں کہ وہ نہ صرف بہترین فاسٹ بولر ہیں بلکہ میدان کے اندر اور باہر ٹیم کی قیادت بھی کرتے ہیں۔
ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کے متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا تاہم فی الحال اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ہے۔
ڈیزرٹ وائپرز کے اسکواڈ میں دیگر فاسٹ بولرز میں عبداللہ احمدزئی، اشتیاق احمد، خضیمہ تنویر، محمد سلیم، سنجے پہال اور ٹیم کے کپتان ڈیوڈ پین بھی شامل ہیں جب کہ آل راؤنڈر ٹام کرن بھی بولنگ کے لیے دستیاب ہیں۔ احمدزئی اور اشتیاق احمد کو تاحال ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔
نسیم شاہ کی انجری کی خبر اس وقت سامنے آئی جب ڈیزرٹ وائپرز ابوظبی میں ایم آئی ایمریٹس کے خلاف اپنا چوتھا میچ کھیل رہی تھی۔ ایونٹ میں ابتدائی تین میچز کے بعد ڈیزرٹ وائپرز صرف ایک کامیابی حاصل کرسکی تھی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود تھی۔






Comments 0
No comments yet. Be the first to share your view in the app.
Join the discussion: comments and votes are in the free Beloud app.